نئی دہلی ،02؍جون ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے الزام لگایا ہے کہ مرکز نے تمام محاذوں پر اے پی سے دغابازی کی ہے۔انہوں نے متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل پر آج موجود ہ آندھراپردیش کی تعمیر نو کے عزم کے دن کے طورپر منایا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ تلگودیشم پارٹی اپنے طورپرآندھراپردیش میں گزشتہ انتخابات سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔چندرابابو نے کہا کہ حکومت نے اپناسفر16000کروڑ روپئے کے مالی خسارہ کے ساتھ کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ہر ریاست اپنی تشکیل پر یوم تاسیس مناتی ہے تاہم ہماری ریاست اپنی یوم تاسیس نہیں منارہی ہے۔انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہاکہ کس طرح جشن منایاجاسکتا ہے جبکہ ہرشعبہ میں ریاست سے دغابازی کی گئی ہے۔اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے آج کے دن کو آندھراپردیش کی تعمیر نو کے عزم کے دن کے طورپر منایاجارہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جناسیناپارٹی کے سربراہ پون کلیان شمالی آندھراپردیش کے عوام کو اکسارہے ہیں۔ چندرابابو نے اپنے پارٹی رفقا کے ساتھ صحت مند او رخوشحال ریاست کی تعمیر کا عہدکیا۔اس موقع پر پارٹی کے لیڈروں نے عہد کیا کہ اس بات کو یقینی بنایاجائے گا کہ آندھراپردیش تنظیم نو قانون پر مکمل طورپر عمل کیاجائے۔انہوں نے صحت مند اور خوشحال ریاست کی تعمیر نو کا بھی عہد کیا جس میں کوئی رشوت خوری اور سیاسی بے چینی نہ ہو۔